مقبوضہ کشمیر:ہائی کورٹ کی طرف سے 2 کشمیریوں کی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم
سرینگر14 مارچ(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت 2 کشمیریوں کی غیر قانونی نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انکی رہائی کا حکم دیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری نظربندوں محمد عباس خان اور ہدایت اللہ کوٹے کو بھارتی فوجیوں نے گزشتہ سال اپریل میں گرفتار کیا تھا اور وہ جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں قید ہیں۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دونوں نوجوانوںکی گرفتاری کے احکامات جاری کئے تھے ۔دونوں درخواست گزاروں کے وکیل ایڈووکیٹ بشیر احمد ٹاک نے انکی غیر قانونی کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ انہیں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت نظربند کیاگیا ہے ۔ انہوں نے دلائل دیتے ہوئے دعوی کیا کہ دونوں کشمیریوں کو پرانے اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ہائی کورٹ کے جج جسٹس ونود چٹرجی کول نے دونوں کشمیریوں کی نظربندی کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری طورپر جموں کی جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا۔