کانگریس نے سونیا،راہل گاندھی سے متعلق تبصرے پر وزیر اعظم مودی کیخلاف لوک سبھا میں تحریک جمع کرادی
نئی دلی 17مارچ ( کے ایم ایس )
بھارت میں کانگریس پارٹی نے پارٹی رہنمائوں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کے توہین اور ہتک آمیز تبصرے پر پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں تحریک جمع کرادی ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے متعلق ہتک آمیز تبصرے پر راجیہ سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف تحریک جمع کرائی ہے ۔ تحریک میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی طرف سے سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف طنزیہ انداز میں کیا گیا تبصرہ نہ صرف بے عزتی بلکہ ہتک آمیز ہے۔کے سی وینوگوپال نے ایک ٹوئٹ کہاہے کہ راجیہ سبھا سربراہ کوایک تحریک پیش کی گئی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی کنیت کے بارے میں ہتک آمیز اور گھٹیاتبصرہ کر کے ان کے استحقاق کی خلاف ورزی کی ہے اور وزیر اعظم کی طر ف سے حزب اختلاف کے لیڈروں کے بارے میں اس طرح کے گھٹیا تبصرے ناقابل برداشت اور ان کی توہین ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ 9فروری کو راجیہ سبھا میں وزیر اعظم مودی نے ایک نظم میں طنزیہ طریقے سے تبصرہ کیا جو کہ نہ صرف توہین آمیز بلکہ نہرو فیملی، خصوصا سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، جو لوک سبھا کے رکن ہیں، کے لیے ہتک آمیز بھی ہے۔
واضح رہے کہ نریندر مودی نے 9فروری کو راجیہ سبھا سے خطاب میںکانگریس اور گاندھی خاندان پر حملہ کرتے ہوئے سونیا گاندھی اور راہل گاندھی پر ‘نہرو’کنیت کا استعمال نہ کرنے پر تنقید کی تھی ۔انہوں نے سوال کیاتھا کہ نہرو سر نیم کوئی کیوں نہیں رکھتا؟ انھوں نے مزیدکہا تھا کہ” میں نے اخباروں میں پڑھا ہے کہ اس ملک میں 600 منصوبے گاندھی اورنہرو فیملی کے نام پر ہیں،تاہم مجھے حیرانی ہے کہ کوئی شخص نہروسرنیم کیوں نہیں رکھتا ہے”۔