بھارت :کرناٹک میں اذان دینے پرپولیس کی نوجوان سے پوچھ گچھ
بنگلورو20مارچ(کے ایم ایس) بھارتی ریاست کرناٹک میں پولیس نے ڈپٹی کمشنر کے دفترکے سامنے احتجاج کے دوران اذان دینے والے مسلمان نوجوان سے پوچھ گچھ کی ہے۔
مسلمانوں کی ایک تنظیم نے سابق وزیر اور بی جے پی کے رکن اسمبلی کے ایس ایشورپا کے اذان کے بارے میں بیان کے خلاف17مارچ کو ریاست کے شہر شیوموگا میں ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفترکے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔احتجاج کے دوران ایک نوجوان نے اذان دی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔مظاہرین نے ریاستی اسمبلی کے سامنے بھی اذان دینے کی دھمکی دی ہے۔ شیوموگا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جی کے متھن کمار نے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے اذان دینے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اوراسے طلب کرکے اس واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ نوجوان کو اذان نہ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔بھارت میں بی جے پی کی حکومت مسلمانوں کو مساجد میں اذان دینے اور لائوڈ اسپیکر استعمال کرنے سے روک رہی ہے۔