خرم پرویز ، عرفان معراج کےخلاف جاری انتقامی کارروائیوں کی مذمت
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا دونوں کے خلاف الزامات فوری واپس لینے کا مطالبہ
سری نگر :انسانی حقوق کی 10 بین الاقوامی تنظیموں نے بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن خرم پرویز اور صحافی عرفان معراج کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں افراد کے خلاف عائد الزامات غیر مشروط طور پر واپس لیے جائیں اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی کے خلاف جاری جبر و تشدد کا سلسلہ بند کیا جائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان تنظیموں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جو گزشتہ دن(جمعہ ) خرم پرویز کی گرفتاری کے پانچ سال مکمل ہونے پر سامنے آیا ہے، بیان میں خرم پرویز اور عرفان معراج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور بھارتی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے خلاف تمام الزامات ختم کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے کی پاداش میں برسوں قید کاٹنے اور بعد ازاں ضمانت پر رہائی کے باوجود ان دونوں افراد کو طویل قانونی کارروائیوں اور سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کشمیری سول سوسائٹی کے خلاف جاری جبر اور خوف و ہراس کے ماحول کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور بین الاقوامی سول سوسائٹی کو مقبوضہ کشمیر تک آزادانہ اور بلا روک ٹوک رسائی”دینے پر زور دیا۔
خرم پرویز جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی’ (جے کے سی سی ایس) کے پروگرام کوآرڈینیٹر بھی ہیں۔ انہوں نے کشمیر اور دیگر مقامات پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بڑے پیمانے پر دستاویزی شکل دی ہے اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
بھارتی حکام نے پرویز کو 22 نومبر 2021 کو مختلف بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔
خرم پرویز اور عرفان معراج کو 22 جولائی 2026 کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔ اس سے قبل وہ بالترتیب 1,703 دن اور 1,219 دن تک مقدمے کی سماعت سے قبل قید میں رہے۔ تاہم ضمانت کے باوجود انہیںکڑی پابندیوںکا سامنا ہے، انہیں نئی دہلی سے باہر جانے کی اجازت نہیں ،وہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے گھروںکو نہیں جاسکتے۔دونوں کو میڈیا سے بھی دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ انہیں ہفتے میں دو بار ”این آئی اے“ ہیڈکوارٹر میں پیش ہونا ہوتا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے کے لیے بھارت کے جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کی۔انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ خرم پرویز اور عرفان معراج کے خلاف تمام الزامات کو فوری اور غیر مشروط طور پر ختم کرے، انسانی حقوق کے دیگر محافظوں اور مخالفین پر بھی جبر کا خاتمہ کرے اور اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ نئی دہلی پر دباو¿ ڈالے کہ وہ اپنے بین الاقوامی وعدوں کا احترام کرے اور انسانی حقوق کے محافظوں اور اختلافی آوازوں پر ظلم و ستم کو ختم کرے۔
مشترکہ بیان پر ایشیا ڈیموکریسی نیٹ ورک ، ایشین فیڈریشن اگینسٹ اِنوَلنٹری ڈس اپیئرینسز ، ایشین فورم فار ہیومن رائٹس اینڈ ڈیولپمنٹ ، ایشین ہیومن رائٹس کمیشن ، سیویکوس: ورلڈ الائنس فار سٹیزن پارٹیسیپیشن ، فرنٹ لائن ڈیفینڈرز، انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس ، کشمیر لا اینڈ جسٹس پروجیکٹ، ساو¿تھ ایشینز فار ہیومن رائٹس ، اور ورلڈ آرگنائزیشن اگینسٹ ٹارچر کے ستخط کیے۔






