مقبوضہ کشمیر:امتحانی دھاندلی نے کشمیری نوجوانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا
التجا مفتی کا دھاندلی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں سرکاری بھرتی کے امتحانات کے دوران پیپر لیک ، نقل اور بدعنوانی کے مسلسل الزامات نے بے روزگار کشمیری نوجوانوں میں مایوسی کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی رہنما التجا مفتی نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے ایک ’بھرتی مافیا‘ سرگرم ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق التجا مفتی نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 15 نومبر کو منعقد ہونے والے ’فنانس اکاو¿نٹس اسسٹنٹ‘ (ایف اے اے) کے امتحان سے متعلق تازہ ترین تنازعے کا ذکر کیا۔ اس امتحان میں 600 مشتہر اسامیوں کے لیے تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار امیدواروں نے شرکت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نقل کرانے والے ایک مبینہ نیٹ ورک کے سلسلے میں چار ماڈیولز، آٹھ وائرلیس ڈیوائسز، 22 موبائل فونز اور چار گاڑیوں کی برآمدگی نے امتحانی نظام اور بھرتی کرنے والے اداروں کے کام کرنے کے انداز پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
التجا مفتی نے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کی جانب سے اس واقعے کو محض ایک ’اکا دکا‘ واقعہ قرار دینے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 2019 سے علاقے میں منعقد ہونے والے بھرتی کے امتحانات میں بار بار پیپر لیک ہونے، نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ایک بار پیش آنے والا واقعہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک مافیا اور منظم نیٹ ورک ہے جو سرکاری ملازمین کی ملی بھگت اور معاونت سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندرونی افراد کی مبینہ شمولیت اور الیکٹرانک آلات کا استعمال ایک منظم نیٹ ورک کی نشاندہی کرتا ہے۔ پی ڈی پی رہنما نے امیدواروں پر ڈالے جانے والے مالی بوجھ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے سالانہ امتحانی فیس کی مد میں تقریباً 300 ملین روپے جمع کیے اور 2023 اور 2026 کے درمیان امیدواروں سے تقریباً 1.13 بلین روپے وصول کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں بے روزگار کشمیری نوجوانوں نے سرکاری ملازمتوں کے حصول کی امید میں بھرتی کے امتحانات کی تیاری کی لیکن بار بار منسوخی اور بے ضابطگیوں کے الزامات نے انہیں مایوس اور اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی بنا دیا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بھرتی بدعنوانی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے اور اس میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی کرے۔ انہوں نے تحقیقات مکمل ہونے تک ”جے کے ایس ایس بی“ کے تمام امتحانات ملتوی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔







