امریکہ: سکھ رہنماگروپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی سازش کرنے والے بھارتی شہری کو 19برس سے زائد قید کی سزا
واشنگٹن:امریکا میں بھارتی حکومت کی پشت پناہی میں سکھ رہنما کو قتل کرنے کی سازش کرنے کا اعتراف کرنے والے بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر میریرو نے مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران بھارت کے 55 سالہ شہری نکھل گپتا کو 19 سال اور 7 ماہ قید کی سزا سنائی۔ اس حوالے سے امریکی حکام نے بتایا تھاکہ یہ سازش بھارتی حکومت کے مخالفین کو بیرون ملک نشانہ بنانے کی ایک وسیع تر مہم کا حصہ تھی۔
بھارت کے 55 سالہ شہری نکھل گپتا نے رواں برس فروری میں کرائے پر قتل، کرائے پر قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات کا اعتراف کرلیا تھا۔نکھل گپتا پر بھارتی حکومت کے ایک عہدیدار کے ساتھ مل کر امریکا اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھنے والے سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔
وکیل ایشلے نکولس نے عدالت میں کہا کہ یہ مقدمہ امریکی اقدار کی بنیادوں کو ہلا رہا ہے، ہم اس ملک میں کسی کی آواز دبانے کے لیے تشدد کے استعمال کو کبھی برداشت نہیں کرسکتے۔
اس موقع پر نکھل گپتا نے عدالت کو بتایا کہ انہیں موہن داس کرم چند گاندھی کے عدم تشدد کے اصولوں سے انحراف کرنے پر افسوس ہے اورمیں گروپتونت سنگھ پنوں اور ان برادریوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں میں نے نقصان پہنچایا اور اپنے خاندان سے بھی معافی مانگتا ہوں۔
سکھ رہنما گروپتونت سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ وہ گپتا کے خلاف مقدمہ چلانے پر امریکا کے شکر گزار ہیں اور سکھوں کی خودمختاری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا اور بھارتی حکومت کے عہدیدار وکاش یادیو نے ایک قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد فراہم کرنے کا انتظام کیا تھا، تاہم وہ مبینہ قاتل دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ اہلکار تھا۔
رپورٹس کے مطابق وکاش یادیو پر بھی اس مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی ہے تاہم وہ امریکی حکام کی تحویل میں نہیں ہے







