World

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے بے بنیاد بیان کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا

بھارتی الزام تراشی کا وطیرہ قابل مذمت ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔:پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے دئیے گئے غیر سفارتی اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بے بنیاد الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں ۔ اجلاس کے دوران پاکستانی نمائندے نے فوری اور موثر انداز میں جواب دیتے ہوئے اس بیان کو سختی سے مسترد کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے آج جاری کے گئے بیان میںکہا گیا کہ بھارت کی طرف سے اس قسم کے ریمارکس پاکستان کے داخلی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہیں۔ بھارت پاکستان کے آبی دہشت گردی سے متعلق جائز تحفظات کا جواب دینے کے بجائے پاکستان کے اداروں اور قیادت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی پر اتر آیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے معدنی وسائل کی ترقی پر بھارت کی مخالفت بھی واضح ہے جو پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی اس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ بیان میںکہا گیا کہ پاکستان نے بارہا ٹھوس شواہد کے ساتھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی اور حمایت کرنے میں بھارت کے ملوث ہونے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، ان سرگرمیوں کا مقصد ترقیاتی عمل کو متاثر کرنا اور مقامی آبادیوں کو ان کے قدرتی وسائل کے فوائد سے محروم رکھنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت کا ہندوتوا سے متاثر انتہا پسندی اور فاشزم پر مبنی سیاسی نظام کی جانب مسلسل بڑھتا ہوا رجحان سب کے سامنے عیاں ہے جس کی قیادت ایک مذہبی بنیاد پرست حکومت کر رہی ہے، بھارت کے الزامات اور حقائق کو مسخ کرنے کی کوششیں اس کی بین الاقوامی تنہائی چھپانے کی ناکام کوشش ہیں۔ ان کا مقصد صرف بھارت کی داخلی صورتحال اور مشترکہ وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی پالیسی سے توجہ ہٹانا ہے جس کا واضح ثبوت سندھ طاس معاہدے کو غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کا اقدام ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے حقائق خود واضح ہیں، رواں برس 31 اگست کو معاہدے کے تحت قائم ثالثی عدالت نے متفقہ طور پر فیصلہ دیا کہ معاہدہ بدستور پابند اور مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور اسے یکطرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔ بھارت کی جانب سے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار، معاہدے کی ذمہ داریوں اور بین الاقوامی قانون سے اس کی وابستگی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کے بجائے بھارت کو جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں جہاں بھارتی قابض افواج کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق ایک ایسی ریاست جو اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں، پڑوسی ریاستوں کی خودمختاری اور پابند معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتی ہو، جو اپنی مسلم، سکھ، عیسائی اور دلت اقلیتوں کے خلاف منظم امتیازی سلوک کی سرپرستی کرتی ہو، جو ریاستی پالیسی کے طور پر غلط معلومات پھیلانے اور دہشت گردی میں ملوث ہو اور ایک ایسے علاقے پر جبری قبضہ برقرار رکھے جہاں کے عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہو جس کی ضمانت بین الاقوامی برادری نے دی ہے، اسے کسی بھی صورت دوسروں پر انگلی اٹھانے کا حق حاصل نہیں۔بھارت کو دوسروں پر الزام تراشی کرنے کے بجائے اپنے طرز عمل کا جائزہ لینا چاہیے اور اسے تبدیل کرنا چاہیے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button