سرینگر:ہائیکورٹ نے دو افراد کی کالے قانون کے تحت نظر بندی کالعدم قراردیدی
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائیکورٹ نے دو افراد کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو انکی رہائی کے احکامات دیے۔عدالت نے قرار دیا کہ مبہم اور غیر واضح الزامات آئینی تحفظات کی نفی کا باعث بنتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جسٹس سنجے دھر کی بنچ نے راشد بشیر پیر اور عنایت اللہ وانی کی طرف سے دائر درخواستوں میں الگ الگ فیصلے سنائے، جن میں بالترتیب اپریل اور مئی 2025 میں کپواڑہ اور شوپیاں کے ضلع مجسٹریٹس کی طرف سے جاری کیے گئے نظربندی کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔ راشد بشیر پیر کی نظر بندی کا حکم نامہ 3مئی 2025جبکہ عنایت اللہ وانی کا 28اپریل 2025کو جاری کیاگیا تھا۔
عدالت نے کا کہنا تھا کہ زیر حراست شخص مخصوص تفصیلات کی عدم موجودگی میں اپنی حراست کے خلاف موثر نمائندگی بھی نہیں کر سکتا ، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے ہر نظر بندی کی بنیاد انفرادی طور پر بیان کی جانی چاہیے، مبہم، غیر معینہ یا عمومی الزامات کسی نظربند کے لیے اپنی نظر بندی کی وجوہات کو سمجھنا اور موثر طریقے سے چیلنج کرنے کے لیے ناممکن بنا دیتے ہیں۔
عدالت نے دونوں درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ انہیں فوری طور پر حراست سے رہا کر دیں، بشرطیکہ وہ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہ ہوں۔








