انسانی حقوق

مسئلہ کشمیر کوحل کرنا ہماری ملی اور انسانی ذمہ داری ہے: پروفیسر دوگان بیکن

d0af0f4d-c0bd-4a7d-af62-3c6af9d629ce (1)انقرہ یکم اپریل(کے ایم ایس)کشمیری رہنمائوں پرمشتمل ایک وفد نے انقرہ میں نیو رفاہ پارٹی کے ہیڈ کواٹرکا دورہ کیا اوراس موقع پر پارٹی کے سیکریٹری جنرل پروفیسر دوگان بیکن سے ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفد نے ترک رہنما کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا ۔ پروفیسر دوگان بیکن نے پارٹی صدر فاتح اربکان(استازاربکان کے صاحبزادے)کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت امت کے مسائل کی پشتیبانی پارٹی کے بنیادی لائحہ عمل کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ استاداربکان کے تشنہ ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ہی پارٹی تشکیل دی گئی ہے اور امت کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئےD-8 یعنی آٹھ اہم مسلم ممالک کا فورم قائم کیا تھا تاکہ اسے نیوکلس بناتے ہوئے مسلم ممالک کی مشترکہ منڈی اور کرنسی قائم کی جائے اور مسلمانوں کی طاقت کو مجتمع کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ صدررجب طیب اردوان سے اتحاد کے بنیادی مقاصد میں کشمیر سمیت مسلمانوں کے مسائل حل کرنے میں موثر کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاداربکان نے کشمیر کو اپنے جسم کا حصہ قراردیتے ہوئے اس مسئلے کے حل کے لئے زندگی بھرہر سطح پر کوششیں کیں اور ان کے تشنہ مشن کی تکمیل ہی ہمارا مشن ہے۔ پروفیسر دوگان نے کہاکہ کشمیر کی آزادی پوری امت مسلمہ کے لئے چیلنج ہے اور اس مسئلے کوحل کرنا ہماری ملی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ وفد کے سربراہ عبدالرشید ترابی نے استاد اربکان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کے آغاز میں ہم نے استاد قاضی حسین احمد مرحوم کی قیادت میں ترکیہ کادورہ کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ استاد اربکان نے اس دورے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ترک قوم اور حکومت کو ہماری پشت پر لا کھڑا کیاتھا جس کے بعد دنیا کے منظر نامے پر مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا ۔انہوں نے کہاکہ آج مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کو تباہ کرنا اپنامقصد بنا چکی ہے، اس لئے بھارت کے استعماری عزائم سے دنیا کے امن کو محفوظ بنانے کے لئے عالم اسلام اور تمام بین الاقوامی اداروں کو کردارادا کرنا ہو گا۔ حریت رہنما اعجا زرحمانی نے ترک رہنما کومقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کے مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر اہل ترکیہ کا شکریہ اداکیا۔وفد میںڈاکٹر ندیم چوہدری اور شیخ طلحہ بھی شامل تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button