مودی کی جارحانہ ہندوتوا پالیسیوں سے خطے کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے،مسرت عالم بٹ
سرینگر04 مارچ(کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے تمام وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی ہندوتوا حکومت کی جارحانہ پالیسیوں سے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔
مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری پیغام میں کہا کہ مایوسی کی وجہ سے مودی حکومت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے اور ہزاروں رہنمائوں اور کارکنوں کو گھروں سے سینکڑوں میل دور بھارت کی جیلوں میں قید کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ علاقے کے عوام کو محکوم رکھنے کیلئے سرینگر میںحریت کانفرنس کے دفتر کو سیل کرنے کے علاوہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی زمینوں اور جائیدادوں کوضبط کر رہی ہے۔ تاہم مسرت عالم بٹ نے کہا کہ مودی حکومت اور اس کے ہندوتوا لیڈروں کو یاد رکھنا چاہیے کہ حالات جیسے بھی ہوں، کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی منصفانہ جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔مسرت عالم بٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو ایڈولف ہٹلر کے دور میں نازی جرمنی کے راستے پر چلنے سے روکے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی راہ ہموار کرے تاکہ خطے میں دیرپا امن و استحکام قائم ہو سکے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے تمام اصولوں کو پامال کرنے پر بھارت کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا نظریے سے متاثرموجودہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموںوکشمیر کی تاریخ، آبادی، ثقافت اور مذہب کو تبدیل کرنے کے لیے قتل و غارت اور املاک کی ضبطگی اورجبری بے دخلی سمیت فسطائی اقدامات کر رہا ہے۔