نیویارک: صدر ٹرمپ کاایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا تذکرہ

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا ذکر کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے پاک بھارت جنگ سمیت دنیا کی 7جنگوں کو رکوایا اور یہ سب ان ممالک کے قائدین سے براہِ راست بات چیت کے ذریعے ممکن ہوا، اقوام متحدہ کا اس میں کوئی کردار نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو عالمی سطح پر ایک بار پھر عزت و وقار مل رہا ہے اور امریکا کے داخلی مسائل پر بھی قابو پایا جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے سوال اٹھایا کہ "اقوام متحدہ کو بنانے کا مقصد کیا تھا؟”اور کہا کہ عالی ادارہ اپنی استعداد کے مطابق کام نہیں کر رہا۔امریکی صدر نے غزہ میں جنگ بندی پر بھی زور دیا اور کہا کہ حماس کو یرغمالیوں کو رہا کرنا ہوگا تاکہ امن قائم ہو سکے۔ صدر ٹرمپ نے روس، چین، بھارت اور یورپ پر بھی تنقید کی اور کہا کہ روس سے توانائی کی خریداری یوکرین جنگ کو ہوا دے رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر روس امن معاہدہ نہیں کرتاتو اس پر بھاری ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔صدر ٹرمپ نے دعوی کیا کہ سب کا خیال ہے کہ انہیں نوبیل امن انعام ملنا چاہیے۔





