کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیر کاز کی غیرمتزلز ل حمایت پر پاکستان سے اظہار تشکر

سرینگر :کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مصروف عمل مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کے اظہار پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اجلاس میں حریت قائدین نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر منانا پاکستان کی مستقل پالیسی، غیر متزلزل عزم اور کشمیر کاز سے وفاداری کا واضح ثبوت ہے۔حریت ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ اجلاس میں کشمیری عوام ان کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔ اجلاس میں کشمیریوں سے بھرپور اور بے مثال یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت، عوام اور تمام سیاسی،مذہبی و سماجی تنظیموں کا شکریہ ادا کیاگیا۔
ادھر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بے لوث اور مسلسل حمایت پر پاکستان کی حکومت اور کاشکریہ ادا کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ پورے مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری دنیا کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔احسن اونتو نے کہا کہ آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں، آزادی کے مطالبے کو جرم بنا دیا گیا ہے اورہ ہزاروں کشمیری آج بھی بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں نظربند ہیں۔






