مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی پاکستانی حکومت اورعوام کو یوم آزادی پر مبارکباد

CCW-Greeting-Card-2023-08-13

سرینگر13اگست(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے یوم آزادی کے موقع پرجو کل 14اگست کو منایا جارہا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور تحریک شباب المسلمین جموں و کشمیر کے چیئرمین مولوی بشیر عرفانی نے اپنے ایک بیان میں پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور برصغیر کے مسلمانوں کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں ایک عظیم مسلمان ملک رمضان کے مقدس مہینے میں وجود میں آیا۔جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد آزادی میں مصروف جموں وکشمیرکے عوام اپنی منصفانہ اور جائز جدوجہد کے لئے سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ پاکستان کی آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومت پاکستان، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس لازوال رشتے کو ختم نہیں کر سکتی۔ حریت رہنما اور جموں و کشمیر پیس فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں ایک بیان میں پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام قیام پاکستان سے پہلے ہی پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا فیصلہ کر چکی تھی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت سے نجات حاصل کر لیں گے۔

پیپلز پولیٹیکل فرنٹ (پی پی ایف) کے چیئرمین فضل الحق قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی تخلیق واقعی اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کے عوام کے لیے ایک شاندار تحفہ ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی سفارتی اور سیاسی حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی دعا کی۔

تحریک مزاحمت کے نظربند چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں ایک بیان میں پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے جائز کاز کی حمایت کی ہے اور وہ مکمل کامیابی تک کشمیر یوںکی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔حریت رہنمائوں میر شاہد سلیم اور نریندر سنگھ خالصہ نے جموں میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستانی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں کیونکہ ایک مستحکم پاکستان نہ صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے بھی اہم ہے۔

جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان محمد عمر اورتحریک استقامت جموں و کشمیر کے ترجمان عبدالرشید نے سرینگر میں  اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ 14اگست 1947کو مسلمانوں کی طویل جدوجہد آزادی اپنی منزل کو پہنچی اور ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں 1947 میں پاکستان کا قیام عالم اسلام کی تاریخ کا ایک عظیم کارنامہ تھا۔انہوں نے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سمیت کروڑوں مسلمانوں کا خواب پورا کرے گا۔ڈیموکریٹک حریت فرنٹ کے رہنمائوں ایڈوکیٹ مزمل، حکیم عبدالرشید، شبیر احمد، قاضی اسرار اور حافظ رفیق احمد نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی واضح حمایت کرتا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساگر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے ایک مشترکہ بیان میں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر حکومت پاکستان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے دل پاکستانی عوام کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی کشمیریوں اور پاکستانیوں کے لازوال رشتوں کو ختم نہیں کر سکتی.

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماؤ ں محمد فاروق رحمانی, الطاف حسین وانی اور الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام 20ویں صدی کے معجزے سے کم نہیں۔قائد اعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت میں رونما ہونے والی اس معجزاتی پیش رفت نے نہ صرف خطے کی تاریخ بلکہ اس کا جغرافیہ بھی بدل کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے پاکستان کے امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر کو بھارت کی غلامی سے آزاد نہیں ہوتا ایک متحرک، مستحکم اور خوشحال پاکستان کا خواب ادھورا رہے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما محمد سلطان بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسلمانوں کے لیے اللہ تعالی کا تحفہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی غلامی کے خلاف جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی واحد امید ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام، اس کی حکومتوں اور خاص طور پر اس کی مسلح افواج نے تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں قابل تعریف کردار ادا کیا۔حریت رہنمازاہد اشرف نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے چھ لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن بھارت نے اپنے توسیع پسندانہ عزائم اور متعصبانہ ذہنیت سے مجبورہوکر کشمیریوں سے ان کاپیدائشی حق، حق خودارادیت سلب کررکھاہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ کشمیر کے بہادر عوام اپنے آزادی کے مقدس مقصد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن دورنہیں جب ان کا مادروطن بھارت کے تسلط سے آزاد ہو کرپاکستان میں شامل ہوجائے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button