حریت رہنماوں کا مقتول سکھ پرنسپل کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی
سرینگر 10اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماوں نے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والی مقتول اسکول پرنسپل سپندر کور کے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمابشمول جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ، جموں و کشمیر مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرہ اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ اور مقبوضہ جموںوکشمیر کے مفتی اعظم ،مفتی ناصرالاسلام سرینگر کے علاقے آلوچہ باغ میں مقتول اسکول پرنسپل سپندر کور کے گھر گئے اور غمزدہ خاندان سے اظہار یکجہتی کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی مسلمان اور سکھ برادری تحریک آزادی کشمیرکا حصہ ہیں اور ان کا تعلق کشمیر سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہیں اور ان تمام لوگوں کو شکست دیں گے جو ہمارے درمیان اتحاد کو توڑنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مذکورہ قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور بھارت پر زور دیا کہ وہ فوجی طاقت کا استعمال اور کشمیر دشمن پالیسیاں ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔