کپواڑہ: ”این آئی اے“ نے دو افرادگرفتار کر لیے ،کولگام ، شوپیاں میں گھروں پر چھاپے
سرینگر19 اگست (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) نے ضلع کپواڑہ میں دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
این آئی اے کی ٹیموں نے بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ضلع کے علاقے کرال پورہ میں گھر پر چھاپے کے دوران غلام محمد صوفی اور ان کے 19 سالہ بیٹے معراج الدین صوفی کو گرفتار کیا۔ انہیں پوچھ گچھ کے لیے سرینگر منتقل کیا گیا۔ معراج الدین گورنمنٹ ڈگری کالج کپواڑہ سے بی کام کر رہا ہے۔
این آئی اے نے ضلع کولگام کے علاقے پریگام میں شہزاد احمد بٹ اور شوپیاں ضلع کے علاقے چوٹیگام میں محمد یوسف وانی کے گھرپر چھاپہ مارا ۔
تحقیقاتی ادارے نے جموں شہر کے مضافاتی علاقے بھٹنڈی میں ڈاکٹر پرویز میر کی رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی۔ ڈاکٹر میر ڈوڈہ ضلع کے علاقے گندوہ میں تعینات ہیں۔