سرینگر : دعائیہ مجلس میں نثار حسین راتھر کوشاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا
سرینگر25 اگست (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور تحریک وحدت اسلامی کے سرپرست نثار حسین راتھر کی بلندی درجات کیلئے بمنہ سرینگر میں انکی رہائش گاہ پر ایک دعائیہ مجلس منعقد کی گئی ۔
نثار حسین راتھر کامنگل کو انتقال ہوگیا تھا۔تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ دعائیہ مجلس میں حریت تنظیموں کے وفود کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مقررین نے اس موقع پر نثار راتھر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کیلئے انکی گرانقدر خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم نثار حسین راتھر کے عزم وہمت کو متزلزل نہیں کر سکے اور وہ آخری سانس تک حق پر مبنی تحریک کے ساتھ وابستہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید رہے لیکن وہ بھارتی طاغوت کو مسلسل للکارتے رہے۔ مقررین نے کہا کہ نثار حسین راتھر جیسے عزم وہمت کے پیکر رہنمائوں کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، ہمیں انکے نقش قدم پر عمل کرنا چاہیے اور ہم غیر قانونی بھارتی قبضے کے خاتمے تک ہرگز چین سے نہ بیٹھیں گے۔ انہوں نے نثار راتھر کے لواحقین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ مجلس کے اختتام پر نثار حسین راتھر اور تمام شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کی دعاکی گئی۔مجلس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یاسین عطائی بھی شریک تھے۔