مقبوضہ جموں وکشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کے لیے سی آر پی ایف کو جدید ترین بکتر بند گاڑیاں فراہم
سرینگر26اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کے لئے بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو جدید ترین بکتربند گاڑیاں ( WHAP)Wheeled Armored Amphibious Platform فراہم کی جارہی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ یہ ایک جدید ترین گاڑی ہے جو خشکی اور پانی کے ساتھ ساتھ دلدلوں اور جھیلوں میں بھی چل سکتی ہے۔ یہ آٹھ ٹائروں والی گاڑی ہے جسے بھارتی ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (DRDO) نے تیار کیا ہے۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہWHAPایک زبردست مشین ہے جو گولیوں، دھماکوں، بارودی سرنگوں اور راکٹوں کو برداشت کر سکتی ہے۔ اس میں ایک طاقتور 600ہارس انجن اور خودکار ٹرانسمیشن کے ساتھ ساتھ درست نشانہ لگانے والا 7.62ملی میٹر ریموٹ کنٹرول ویپن اسٹیشن (RCWS)ہے۔رپورٹ کے مطابق سی آر پی ایف کو ابتدائی طور پراس قسم کی چھ گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جن میں سے دو پہلے ہی مقبوضہ جموں وکشمیر پہنچ چکی ہیں اور جنوبی کشمیر میں تعینات ہیں۔