بھارتی ہندوتوا سیاستدان کا نریندر مودی سے چاند کو ہندو راشٹرا قرار دینے کا مطالبہ
نئی دلی:
چندیان تھری کی چاند پر لینڈنگ کے بعد ہندو انتہا پسند تنظیم آل انڈیا ہندو مہا سبھا کے صدر سوامی چکراپانی مہاراج نے مودی حکومت سے چاند پر ہندو ملکیت کا دعوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی سیاستدان سوامی چکراپانی نے اپنے تصدیق شدہ ایکس اکانٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے چندریان تھری کی چاند پر کامیاب لینڈنگ کے بعد مودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر مذاہب سے قبل چاند کو ہندو ملکیت قرار دے دیا جائے۔سوامی چکراپانی کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ چاند کو ہندو راشٹرا اور چندریان 3 کی لینڈنگ کی جگہ کو اس کا دارالحکومت قرار دیا جائے اس سے قبل کے وہاں کوئی اور مذہب پہنچے اور چاند کا مالک ہونے کا دعوی کرے۔سوامی چکراپانی مہاراج نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ اس سلسلے میں ایک قرارداد پاس کرے۔بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کے مطابق سوامی چکراپانی دیگر مذاہب خصوصا اسلام مخالف بیانات دینے اور منفی سوچ پھیلانے سے متعلق شہرت رکھتے ہیں۔سوامی چکراپانی وہی عجیب و غریب سیاستدان ہیں جنہوں نے 2020 میں کورونا وبا کے دوران بھارتی دارالحکومت میں ایک گو موترا پارٹی نامی پارٹی کا اہتمام کیا تھا جہاں اِن کی پارٹی کے اراکین نے وبا سے بچا کے لیے گائے کا پیشاب پیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چاند کے جنوبی قطب پر بھارتی خلائی مشن، چندریان3 نے تاریخی لینڈنگ کی تھی جس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ لینڈر نے جس جگہ کو چھوا اسے شیو شکتی پوائنٹ کے نام سے جانا جائے گا۔