غزہ میں جنگ بندی پربی جے پی حکومت نے انسانیت دشمن موقف اپنایاہے: لالویادو
پٹنہ:بھارت میںراشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے غزہ میں جنگ بندی پر اقوام متحدہ میں نریندر مودی حکومت کی طرف سے اپنائے گئے موقف کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لالو پرساد یادو نے کہا کہ مودی حکومت کو ملک کی خارجہ پالیسی سے نہیں کھیلنا چاہیے۔یہ پہلا موقع ہے جب بھارت نے انسانیت اور عالمی امن کے لیے اگلی صف میں کھڑے ہونے کے بجائے ڈگمگاتی پالیسی کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت خارجہ پالیسی سے کھیلنا بند کرے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے حساسیت ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔اقوام متحدہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے 20دن بعد جنرل اسمبلی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی۔ کم از کم 120ممالک نے جنگ بندی کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 14ممالک نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ بھارت، برطانیہ، کینیڈااور جرمنی سمیت 45ممالک ووٹنگ سے غیر حاضر رہے۔بھارت میںحزب اختلاف کے رہنمائوں نے حکومت کے اس اقدام پر شدید اعتراض کیا ہے کیونکہ اسرائیل کے فضائی حملوں کی وجہ سے غزہ میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔