یوم دفاع بھارتی جارحیت کے خلاف قوم اور مسلح افواج کی بہادری کی یاد دلاتا ہے : وزیراعظم آزادکشمیر
مظفرآباد06ستمبر (کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ یوم دفاع ہمیں بھارت کی کھلی جارحیت کے خلاف قوم اور مسلح افواج کی بے مثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ اسے عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جس جذبے کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیا وہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم اور فوج نے قومی اتحاد کے بے مثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے جس نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوںجانب رہنے والے کشمیری پاک فوج کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ملک کی علاقائی سالمیت کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔چوہدری انوار الحق نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے خطے میں خوف ودہشت کا راج قائم کر رکھا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ ایک طرف بھارتی قابض فورسز مقبوضہ جموں وکشمیرمیں معصوم شہریوں کا قتل عام کر رہی ہیں اور دوسری طرف کنٹرول لائن کے پاکستانی جانب معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لے کر کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبا نہیں سکتیں۔