کشمیری حق خودارادیت سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادں پر عمل درآمد کے منتظر
تنازعہ کشمیر کا اب تک حل نہ ہونا عالمی ادارے کے وجود پر ایک بڑا سوالیہ نشان
سری نگر: آج جب دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا دن منایا جا رہا ہے، کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت سے متعلق عالمی ادارے کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آج جب اقوام متحدہ کے باضابطہ قیام کو 79 برس پورے ہو گئے ہیں ، بھارت جموں وکشمیرسے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کا دن ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ 7دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہونے کے باوجود تنازعہ کشمیر آج بھی حل طلب ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اب تک حل نہ ہونا اقوام متحدہ کے وجود پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی ادارہ اپنا اختیار استعمال کرے اور کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔
انہوںنے کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں ، بھارت انکی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ عالمی ادارے کو چاہیے کہ وہ بھارتی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کا نوٹس لے او ر جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے اس پر دباﺅ ڈالے۔