عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے حقوق دلائے:سردار عتیق
اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کو ان کے حقوق دلائے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار عتیق احمد خان نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میںبین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرے۔انہوں نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے مداخلت کرے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرے۔سردار عتیق نے مقبوضہ جموں وکشمیر میںماورائے عدالت قتل، تشدد اور جبری گرفتاریوں سمیت بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ بھارتی قبضے کو ختم کرانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔انہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے کشمیری عوام کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ علاقے میں بھارت کے اقدامات کو اپنی خودمختاری کے لیے چیلنج اور کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہمدردی نہیں انصاف چاہتے ہیں۔ ہم محض وعدے نہیں بلکہ اپنے حقوق چاہتے ہیں ۔