مردم شماری نہ کرانا بی جے پی حکومت کی بڑی ناکامی ہے ، کانگریس
نئی دلی08 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی نے ملک میں مردم شماری نہ کرانے پر مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے کہا ہے کہ وقت پر مردم شماری نہ کرانا بی جے پی حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے ۔
کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت 2021 میں ہونے والی دس سالہ مردم شماری کرانے میں ناکام رہی ہے جبکہ کئی دوسرے ترقی پذیر اور G-20 ممالک بشمول انڈونیشیا، برازیل اور جنوبی افریقہ نے کورونا وباسے متاثر ہونے کے باوجود مردم شماری کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی باری پر گروپ 20کے 18ویں اجلاس کی صدارت کر رہا ہے لیکن مودی حکومت وقت پر مردم شماری نہیں کروا سکی ہے اور یہ اس کی بڑی ناکامیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت اتنی نالائق اور نااہل ہے کہ 1951کے بعد سے بھارت کے سب سے اہم شماریاتی عمل کو وقت پر مکمل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ جے رام رمیش نے کہاکہ یہ بھارت کی تاریخ میں حکومت کی سب سے بڑی اور بے مثال ناکامی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نہ صرف مردم شماری کرانے میں ناکام رہی ہے بلکہ اس نے 2011میں متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت کی طرف سے کی گئی سماجی و اقتصادی مردم شماری کو بھی نہیں ہونے دیا اور سپریم کورٹ میں بہار حکومت کی ریاستی سطح پر ذات پات کی مردم شماری کی کوشش کی بھی مخالفت کی اور ایسی کوشش کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے ایک میگزین کی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی اس ناکامی کی وجہ سے ایک اندازے کے مطابق 14کروڑ شہری خوراک کے حق سے محروم ہو گئے ہیں۔ 2021میںمردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے 67فیصد شہریوں کو خوراک کے حصول راشن کارڈ بھی جاری نہیں ہو سکے ہیں ۔