بھارت 2026تک ہندوراشٹر بن جائے گا:ٹی راجہ سنگھ
احمد نگر14مارچ(کے ایم ایس)بھارتیہ جنتا پارٹی کے معطل شدہ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے کہاہے کہ بھارت 2026تک ہندوراشٹر بن جائے گا۔
ٹی راجہ سنگھ نے ریاست مہاراشٹرا کے علاقے احمد نگر میں ہندو تنظیموں کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مطالبہ کررہے ہیں کہ ملک کو اکھنڈ ہندو راشٹر بنایاجائے۔ اگر50سے زائد اسلامی ممالک اور 150سے زائد عیسائی ممالک ہوسکتے ہیں تو ہندوستان کو ہندو راشٹرا کیو ں نہیں قرار دیا جاسکتا؟ جہاں ہندوئوں کی اکثریت ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ مہاراشٹرا میں اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کا نام بدلنا محض شروعات ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے حال ہی میں اورنگ آباد شہر کا نام بدل کر چھترپتی سمبھاجی نگر اور عثمان آباد شہر کا نام بدل کر دھاراشیو رکھنے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ احمد نگر اور حیدرآباد شہروں کا نام بدل کر اہلیا بائی نگر اور بھاگیہ نگر رکھا جائے گا۔ ٹی راجہ سنگھ کو شان رسالت ۖ میں گستاخی کے کیس میں حیدرآباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد بی جے پی نے انہیں پارٹی سے معطل کردیا۔ ان پر 75سے زائد فوجداری مقدمات درج ہیں جن میں سے 30کیس مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے سے متعلق ہیں۔اورنگ آباد شہر کا نام بدلنے کی مخالفت کرنے والے مسلم رکن اسمبلی امتیاز جلیل پر طنز کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اورنگ آباد میں پیدا ہوئے اور اورنگ آباد میں ہی مریں گے۔ میں ان سے کہنا چاہوں گا کہ اگر وہ اورنگ آباد میں بھی پیدا ہوئے تو انہیں سمبھاجی نگر میں مرنا ہوگا۔ آپ ہندو راشٹرا میں مریں گے۔ خواہ کچھ ہوجائے، نیانام نہیں بدلے گا کیونکہ ہندوبیدار ہوچکے ہیں۔