جی20ممالک تنازعہ جموں و کشمیرکے منصفانہ حل کے لئے اپنا کرادار ادا کریں: پاسبان حریت
مظفر آباد09 ستمبر (کے ایم ایس) پاسبان حریت جموں وکشمیر نے نئی دہلی میں منعقدہ جی20سربراہ اجلاس میں شریک ہونے والے عالمی رہنمائوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تنازعہ جموں و کشمیرکے منصفانہ حل کے لئے اپنا کرادار ادا کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی کشمیری عوام کیلئے خوف و دہشت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کے انسانی ، سیاسی، سماجی اورمذہبی حقوقوں سلب کررکھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف جی 20 ممالک کے سربراہان دہلی میں”ایک زمین ، ایک خاندان ، ایک مستقبل”کے عنوان سے کانفرنس منعقد کررہے ہیں اور دوسری طرف بھارت عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ریاست جموں کشمیر میں ایک کروڑ تیس لاکھ لوگوں پر بد ترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں نظربندرکھا گیا ہے۔ بھارتی حکومت کالے قوانین کے نفاذ سے کشمیری عوام کے تمام بنیادی انسانی، سماجی، سیاسی اور مذہبی حقوق بری طرح پامال کررہی ہے۔ عزیراحمدغزالی نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں کشمیر میں آزادی، حق خودارادیت اور انصاف کیلئے اٹھنے والی ہر آواز کو فوجی طاقت کے بل پر دبا رہی ہے۔ انہوں نے جی20 سربراہان سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں لوگوں کی زمینوں اورجائیدادوں پر قبضوں اور گھروں اوردیگر املاک کی مسماری اور ضبطی جیسے سامراجی اقدامات کو رکوادیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک جیل کا منظر پیش کررہا ہے جہاں کے مکینوں سے انکی شناخت اور تمام بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت جی20 کے سربراہی اجلاس کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے جنگی جرائم اور بھارت کی دیگرریاستوں میں انسانی حقوق کی تباہ کن صورتحال کو چھپانے کیلئے استعمال کررہی ہے۔