مودی حکومت سچائی کو چھپانے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے :ملکارجن کھڑگے
نئی دلی:
بھارت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی سچائی پر پردہ ڈالنے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں، لیکن عوام سچ سننا چاہتے ہیں۔
ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی جیسے مسائل پرمودی حکومت پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہاکہ اب جب جی20 اجلاس ختم ہوگیا ہے اور حکومت کو ملک کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور بدعنوانی میں تیزی سے اضافے کے علاوہ اورنوجوانوں کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ بھارت میں مودی حکومت کی بدتر حکمرانی کی وجہ سے بدعنوانی کا سیلاب آ گیا ہے، سی اے جی نے کئی رپورٹس میں بی جے پی کی قلعی کھولی ہے۔ جموں و کشمیر میں 13 ہزار کروڑ کا ‘جل جیون اسکینڈل’سامنے آیا ہے جس میں ایک دلت آئی اے ایس افسر کو اس لیے ظلم کا شکار بنایا گیا کیونکہ انھوں نے بدعنوانی کو بے نقاب کیا ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ منی پور میں گزشتہ کچھ دنوں میں پھر پرتشدد واقعات ہوئے ہیں ، ہماچل پردیش میں قدرتی آفت آئی ہوئی ہے، لیکن انا پرست مودی حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مودی جی سچائی پر پردہ ڈالنے کی پرزور کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن عوام سچ سننا چاہتے ہیں۔ انھوں نے مودی حکومت کو خبردار کیاکہ 2024 آپ کی ال وداع کہنے کا سال ہے ۔