بھارت

بی جے پی انتخابات میں کامیابی کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے

اسلام آباد13 ستمبر (کے ایم ایس) نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہندو توا بھارتی حکومت اگلے برس ہونے والے عام انتخابات جیتنے اور ایک مرتبہ پھر برسراقتدار آنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے فالس فلیگ آپریشنوں کی ایک گھناﺅنی تاریخ رکھتا ہے اور آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت 2024 میں انتخابی کامیابی کے لیے ایک اور ایسا آپریشن کر سکتی ہے۔
بی جے پی کو مختلف ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ عام انتخابات سے قبل ہندوتوا کی اپنی بنیاد کومزید مضبوط بنانے کے لیے فرقہ وارانہ تصادم یا سرحد پار حملے کا منصوبہ بنا سکتی ہے۔ بی جے پی-آر ایس ایس کا اتحاد پلوامہ جیسے ایک اور جھوٹے فلیگ آپریشن کے ذریعے دائیں بازو کے ہندوتوا ووٹروں کو لبھانے کی کوشش کر سکتا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کے لیے کئی جھوٹے فلیگ آپریشن کیے ہیں۔ نام نہاد پلوامہ حملہ، سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ، پٹھانکوٹ، اوڑی اور بھارتی فضائیہ کے جموں اڈے پر حملے ماضی میں بھارت کی طرف سے کیے گئے جھوٹے فلیگ آپریشنز میں سے کچھ ہیں۔حزب اختلاف کے بھارتی رہنما بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ مودی حکومت نے 2019 کا پلوامہ حملہ الیکشن جیتنے کے لیے کیا تھا۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعہ نریندر مودی حکومت نے الیکشن جیتنے کے لیے ترتیب دیا تھا۔ 14 فروری 2019 کو پلوامہ میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے کی ایک بس سے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ٹکرانے کے نتیجے میں40 سے زائد بھارتی اہلکار ہو ئے تھے۔ ممتا بنرجی نے خبردار کیا کہ مودی حکومت اگلے عام انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے پلوامہ طرز کا ایک اور حملہ کر سکتی ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک بھی انکشاف کر چکے ہیں کہ پلوامہ حملہ مودی نے انتخابی مقاصد کیلئے کرایا تھا۔ستیہ پال کا کہنا تھا کہ انہیں مودی اور امیت شاہ (بھارتی وزیر داخلہ) نے اس معاملے پر خاموش رہنے کو کہا تھا۔پلوامہ واقعے کے بعد 2019 میں بالاکوٹ کے نام نہاد سرحد پار حملے کا مقصد بھارت میں انتخابات سے قبل قوم پرستوں کے جذبات کو بھڑکانا تھا۔ مودی حکومت جھوٹے فلیگ آپریشنوں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر دہشت گردی کا لیبل لگانے کی کوشش کر رہی ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی۔ عالمی برادری کو یہ سمجھنا چاہیے کہ مودی حکومت کی گھناﺅنی کارروائیوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کیوجہ سے عالمی امن کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button