ریاسی :نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے کے گھروں پر چھاپے
سرینگر15 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے (ایس آئی اے)نے ضلع ریاسی میں بے گناہ کشمیریوں کے متعدد گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے نے بھارتی پیراملٹری فورسز اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں کے ہمراہ ضلع کے علاقوں مہور اور پونی میں آزادی اور امن پسند مسلم خاندانوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے سردار دین، زبیر احمد اور محمد شفیع کے اہل خانہ کو ہراساں کیااورگھریلوں سامان کو نقصان پہنچایا ۔یہ چھاپے ان اطلاعات کے بعد مارے گئے کہ مجاہد تنظیموں کے کارکن آزادی پسند سرگرمیوں میں تعاون کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے اینڈرائیڈ موبائل فونز سے مختلف ایپس کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔ایس آئی اے چھاپوں کے دوران موبائل اور لیپ ٹاپس سمیت الیکٹرانک آلات اور مکانوں اور بینکوں کے دستاویزات بھی قبضے میں لے لیے۔بھارتی فورسز کی طرف سے گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور اورانہیں اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے کیلئے انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا ہے ۔