مودی حکومت جموں و کشمیر میں عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے: کانگریس
سرینگر17ستمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت علاقے میں عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور لوگوں کو معاشی مشکلات میں دھکیل رہی ہے۔
مقبوضہ علاقے میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے احتجاجی شیڈول کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی بہتری کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے جموں اور کشمیر کے دونوں خطوں میں 19سے28ستمبر کے دوران احتجاجی شیڈول کا اعلان کیا۔ انہوں نے حکمراں جماعت بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔وقار رسول وانی نے کہاکہ ہر گھر کو خون چوسنے والی مشین فراہم کی گئی ہے جسے اسمارٹ میٹر کہا جاتا ہے اور لوگوں کے احتجاج کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ بجلی کے لیے معمولی رقم ادا کرتے تھے اب ان پر بھاری بلوں کا بوجھ ہے۔انہوں نے احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہاکہ 19ستمبر کو سرینگر اور جموں، 20ستمبر کو کٹھوعہ اور گاندربل، 21ستمبرکو ادھم پور اور بانڈی پورہ، 22کو رامبن اور پلوامہ، 23کو ریاسی اور کولگام، 24کو سانبہ اور بڈگام، 25کو راجوری اور اسلام آباد ،26کو پونچھ اور بارہمولہ، 27کو کشتواڑ اور کپواڑہ اور 28ستمبر کو ڈوڈہ اور شوپیاںمیں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ انہوں نے حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو عوام دشمن پالیسیوں سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ اقدامات جموں و کشمیر کے عوام کے لیے نقصان دہ ہیں۔