کوکرناگ:ایک اورلاپتہ بھارتی فوجی کی لاش برآمد ، حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 7ہوگئی
سرینگر 19ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع اسلام آباد میں کوکرناگ کے علاقے گڈول میں بھارتی فوج کی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی آج مسلسل ساتویں روز بھی جاری ہے اور اس دوران علاقے سے ایک اوربھارتی فوجی کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی اہلکار اسی علاقے میں بدھ کو ایک حملے کے بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔ایک بھارتی اہلکار نے میڈیا کو بتایاہے کہ سپاہی پردیپ ، جو گزشتہ ہفتے میجر آشیش کے ساتھ لاپتہ ہو گیاتھا،کی لاش برآمد کر کے اس کے آبائی گائوں بھجوا دی گئی ہے ۔ اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعدادبڑھ کر سات ہو گئی ہے۔بھارتی فوج ضلع کے علاقے کوکرناگ میں مجاہدین کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں سمیت جدید ترین آلات اور ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو کوکرناگ کے علاقے گڈول میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بھارتی فوج کے کرنل،میجر اورڈی ایس پی پولیس ہلاک اورکم سے کم 5اہلکار شدید زخمی ہو گئے تھے ۔یہ حملہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کرنے والی بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم پر کیا گیاتھا۔جمعہ کو حملے میں زخمی ہونیوالا ایک اوربھارتی فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا ۔ اب حملے کے بعد سے لاپتہ ایک بھارتی فوجی اہلکار پردیپ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔اس سے قبل علاقے میں ایک شخص کی مکمل طورپر جلی ہوئی لاش بھی برآمدہوئی تھی۔