APHC

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے جنرل اسمبلی میں تنازعہ کشمیر اٹھانے پر ترک صدر کا خیرمقدم

044اسلام آباد 20 ستمبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اٹھانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ترک صدر کی کشمیری عوام کے ساتھ ترکیہ کی گہری وابستگی اور ہمدردی کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ترکیہ کی مسلسل حمایت کشمیری عوام کے لیے باعث تقویت ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی تسلط سے آزادی کی اپنی منصفانہ جدوجہد میں مصروف عمل کشمیری عوام صدر اردوان اور ترک عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے عالمی فورم پر کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور بھارتی قابض افواج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ محمود ساغر نے امید ظاہر کی کہ عالمی رہنما کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے جلد اور پائیدار حل کے صدر اردوان کے مطالبے کی حمایت کریں گے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے ایک بیان میں جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اٹھانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا، "ہم ترکیہ کی کوششوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں جس نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت ساتھ ساتھ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔الطاف وانی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی رہنما دنیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعات کے حل کے لیے صدر اردوان کے مطالبے کا مثبت جواب دیں تاکہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکے ۔ تنازعہ کشمیر کے مستقبل حل اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو فی الفور بند کرنے کا اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اس تنازعہ کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اورمقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیشن آف انکوائری کے قیام پر غور کرے۔
دریں اثناء جموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم فرنٹ نے بھی ایک بیان میں جنرل اسمبلی سے ترک صدر کے خطاب کو قابل تحسین قرار ہوئے کہاہے کہ رجب طیب اردوان کے خطاب سے مظلوم کشمیریوں کو امید کی ایک نئی کرن ملی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button