کینیڈا نے بھارت کی سفری ہدایات کو مسترد کردیا
اوٹاوا21ستمبر (کے ایم ایس)
کینیڈا نے بھارتی حکومت کی جانب سے کینیڈا میں مقیم بھارتی شہریوں کیلئے جاری کی گئی سفری ہدایات کو مسترد کردیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کا ذمہ دار بھارتی حکومت کو ٹھہرانے کے بعد بھارت نے اپنے شہریوں خصوصا طلبا، جو کینیڈا جانے کے خواہشمند ہیں یا وہاں مقیم ہیں انہیں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جسے کینیڈا نے مسترد کردیاہے۔کینیڈا کے پبلک سیفٹی منسٹر ڈومینک لی بلینک نے بھارت کی ٹریول ایڈوائزری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا تمام لوگوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنماء ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد کینیڈا نے اپنے شہریوں کیلئے سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے انہیں مقبوضہ جموں کشمیر کا سفر نہ کرنے کاکہاتھا ۔اب بھارت نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کینیڈا میں بڑھتی ہوئی بھارت مخالف سرگرمیوں پر وہاں موجود بھارتیوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیاہے ۔