بھارت نے کینیڈا کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرکے سنگین غلطی کی ہے، وزیر اعظم ٹروڈو
اوٹاوہ: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ بھارت نے کینیڈا کی خودمختاری میں جارحانہ انداز سے مداخلت کرکے بہت ہی ’سنگین غلطی‘ کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم ٹروڈو نے سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں 6 بھارتی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کینیڈا میں بھارتی مخالفین کو نشانہ بنانے کی بڑے پیمانے پر کوششیں کر تا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی سلامتی اور خودمختاری میں جارحانہ مداخلت کر کے بھارتی حکومت نے خوفناک غلطی کی ہے۔ٹروڈو نے کہا کہ ہم اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے مزید اقدامات کریں گے ۔
غیر ملکی مداخلت پر عدالتی سماعت کے موقع پر جسٹن ٹروڈو نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر بات کرتے ہوئے بھارتی حکومتی نمائندوں کے جانب سے ان کی سرزمین پر کینیڈین شہریوں کو نشانہ بنانے کو ایک وسیع تر مہم قرار دیا۔انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو بتایا کہ ہمارے پاس واضح اور یقینی طور پر اب پہلے سے زیادہ اشارے موجود ہیں کہ بھارت نے کینیڈا کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رائل کینیڈین ماو¿نٹڈ پولیس نے اس بات کا تعین کیا ہے کہ کینیڈا کے شہریوں کے خلاف تشدد اور بہت سے معاملات کے پیچھے بھارتی حکومت ملوث ہے۔جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ جب انہوں نے ان الزامات کو بھارتی حکومت کے سامنے رکھا تو اس نے تحقیقات میں تعاون کے بجائے بغیر کسی وجہ کے درجنوں کینیڈین سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا ۔
کینیڈین وزیر اعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کو بتایا کہ وہ کینیڈا کی خودمختاری کے دفاع کے معاملے پر کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے