کشمیری عوام متحدہوکربھارتی حکومت کی ہندوتوا دہشت گردی کے خلاف اپنی آواز بلندکریں
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت پسند تنظیموں نے پوسٹروں کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متحدہوکربھارتی حکومت کی ہندوتوا دہشت گردی کا مقابلہ کریں اوراس کے خلاف اپنی آواز بلندکریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر پولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ ،نوجوانان حریت جموں وکشمیرل، جموں وکشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں وکشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی اورریزسٹس یوتھ فورم جموں وکشمیر سمیت مختلف حریت پسندوں کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے طول وعرض میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں لوگوں پر زوردیاگیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاو اتفاق پیداکریں اوربھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔پوسٹروں میں کہاگیاہے کہ بھارت کی ہندوتوا حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریو ں کا قتل عام کررہی ہے۔مودی حکومت نے بھارتی مسلمانوں ،سکھوں، عیسائیوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کا جینا حرام کررکھا ہے۔پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ بھارت کے ہندوتوا حکمران اور انکی فورسز کشمیریوں ، مسلمانوں،سکھوں اوردیگر اقلیتوں کے سیاسی حقوق چھیننے کے ساتھ ساتھ انکا قتل عام کرر ہی ہے۔پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ بھارتی ہندوتوا فورسز اور انکی خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں نے دیگر ممالک میں بھی سفارتکاروں کے بھیس میں دہشت گردی پھیلا رکھی ہے اور کشمیر ی مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کا قتل عام شروع کردیا ہے۔پوسٹروں میں کہاگیاہے کہ ہمیں متحد ہوکر اس ریاستی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی اوربھارت پر واضح کرنا ہوگا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک ہرصورت میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور بھارت کے مذموم ہتھکنڈوں کو ناکام بناکر رہیں گے۔