مودی حکومت اپنا ایمان بیچ چکی،اب ملکی دولت بیچنے میں مصروف ہے ، راہل گاندھی
نئی دلی25 اگست (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے مونی ٹائزیشن پلان پر مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی مفادات کے تحفظ کی بات کرنے والی حکومت نے اپنا ایمان بیچ دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی حکومت پہلے ہی اپنا ایمان بیچ چکی ہے اور اب ملک کی دولت بیچنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں انڈیا آن سیل (بھارت برائے فروخت)کاہیش ٹیگ بھی لگایا۔ انہوں نے نجی شعبوں کو ملک کی دولت میں حصہ دار بنانے پربھارتی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مودی حکومت 70 سال میں حاصل کی گئی بھارت کی دولت اپنے سرمایہ دار دوستوں کو بیچ کر ملک کو تاریکی میں دھکیل رہی ہے۔راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ملک میں مونی ٹائزیشن اسکیم کے نام پر قومی تخفیف اسکیم نافذ کی جارہی ہے اور ملکی اثاثوں کو دوستوں میں بانٹا جارہا ہے ۔