حکومت دلی کی تاریخی ریس کورس مسجد کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کرے، مسلم پرسنل لابورڈ
نئی دلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ نے دہلی تاریخی ریس کورس مسجد کو لینڈاینڈ ڈیولپمنٹ افس(ایل ڈی او) کی طرف سے انخلاءکا نوٹس جاری کیے جانے کو غیر قانونی اور غیر دستوری قراردیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس نوٹس کو فوری طور پر واپس لے اور مسجد کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کرے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اپنے ایک بیان میں اس کارروائی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سطح پر بی جے پی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے قدیم اور تاریخی مساجد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف حیلے بہانوںکا سہارا لیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ریس کورس مسجد کے بارے میں بھی یہ دعوی کیا جا رہا ہے کہ مسجد سرکاری زمین پر تعمیر کی گئی ہے ، حالانکہ کہ اس کے تاریخی وجود او رقانونی حیثیت کے حق میں سرکار ی ریکارڈ میں متعدد دستاویزی شواہد موجود ہیں۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ مذکورہ مسجد محض ایک قدیم عبادت گاہ نہیں بلکہ تاریخی اور مذہبی اعتباد سے بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے جسکا اندراج نئی دلی میونسپل کارپوریشن کی تاریخی عمارتوں کی فہرست میں موجود ہے ، یہ وقف ریکارڈ میں بھی درج ہے اور 1977میں دہلی گزٹ میں اس کا اندراج ہوچکا ہے جبکہ اسی طرح سے یہ مسجد حکومت ہند کی ویب سائٹ پر بھی اپنی پراپرٹی شناخت کے ساتھ درج ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اورنگ زیب دور میں قائم ہونے والی اس مسجد کو محکمہ آثار قدیمہ کی طرف سے محفوط تاریخی یاد گار بھی قرار دیا گیا ہے ۔
مسجد سے متصل قبرستان بھی وقف کے ریکارڈ میں شامل ہے جبکہ مسجد کے امام کو وقف بورڈ کی طرف سے باقاعدہ تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ان تمام شواہد کے باوجود مسجد کو سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ قرار دینا نہایت افسوسناک ہے۔
قاسم رسول الیاس نے کہا کہ حکومت کو چاہیے وہ حقائق کو نظر انداز کرنے کے بجائے دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں معاملے کا جائزہ لے اور مسجد کے خلاف کارروئی سے باز رہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسجد میں بجلی اور پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور نمازیوںکو بلا روک ٹوک نماز ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔








