مقبوضہ جموں و کشمیر

حریت فورم کی طرف سے کشمیری محنت کش شاہد اعجاز کے قتل کی شدید مذمت

سرینگر25اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے بیج بہاڑہ کے علاقے آرونی میں ایک کشمیری محنت کش شاہد اعجاز احمد کے بلا اشتعال قتل کی شدید مذمت کی ہے جو اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی فورسز نے براہ راست نشانہ بنا کر شاہد کو قتل کیا ہے جو کہ حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔بیان میں کہاگیا کہ بھارتی قابض فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں اور قتل و غارت کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے اور عوام کو آئے روز خوف و دہشت کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ حریت فورم نے کہاکہ طویل عرصے سے کشمیری حریت قیاد ت اور اظہار رائے کی آزادی پر پابندیاں اور مقامی میڈیا پر قدغن کے علاوہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں، پکڑ دھکڑ اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں،مسلسل چھاپے، کشمیریوں کی جامہ تلاشیاں ، کشمیری سرکاری ملازمین کی جبری برطرفی ، قیدیوں کی وادی کشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقلی اور موٹر سائیکلوں کی ضبطی کے ذریعے پورے مقبوضہ علاقے میں خوف دہشت پھیلائی جارہی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ایک گھنائونے منصوبے کے تحت کشمیری عوام کے وسائل پر قبضہ اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں اور زرعی زمین کو تجارتی مقاصد کیلئے فروخت کرنے سے متعلق نیا قانون جاری کیا گیا ہے ۔حریت فورم نے کہا کہ مقبوض کشمیر بھارتی جبر و قہر کی پالیسیوں، قتل عام اورپر تشدد کارروائیوں کی ایک تصویر ہے۔وادی کشمیر کے چپے چپے پر بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور سرینگر شہر اس کے مضافات میں مزید نئے فوجی بنکر بنائے جارہے ہیں ۔ بیان میں شہید شاہد اعجاز کے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی سے شہید نوجوان کی بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی ۔حریت فورم نے بھارتی قابض انتظامیہ کی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور بھارتی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔
aphc-11ادھر حریت فورم کی آزاد کشمیر شاخ کا ایک اہم اجلاس حریت سیکرٹریٹ اسلام آباد میں میر طاہر مسعود کی صدارت میںمنعقد ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں کہاگیا کہ قابض افواج طاقت کے بل پر تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت شہید کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر، آزادکشمیر اور دنیا بھر میں 27اکتوبر کو یوم سیاہ طورپر منانے کیلئے اپیل کی گئی۔ 27اکتوبر 1947 کوبھارتی فوج نے تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کی خواہش کے برخلاف جموں و کشمیر پر قبضہ کرلیا تھا ۔ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اب تک لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ اجلاس میں کہاگیا کہ اقوا م متحدہ نے بھی اپنی متعدد قرار دادوں کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا ہے۔ اجلاس میں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button