مودی حکومت شکست کے خوف سے مقبوضہ کشمیرمیں انتخابات نہیں کرانا چاہتی ، عمر عبداللہ
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت شکست کے خوف سے مقبوضہ علاقے میں انتخابات نہیں کرانا چاہتی ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ کشمیری بی جے پی کو ہرگز ووٹ نہیں دیں گے ۔
عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ پہلے دن سے کہتے آئے ہیں کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں الیکشن نہیں کراناچاہتی ہے کیونکہ اسے معلوم ہے کہ لوگ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کو معلوم ہے کہ وادی کشمیر اور نہ ہی جموں کے عوام انہیں ووٹ دیں گے ۔عمر عبداللہ نے کہاکہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر میں پارلیمنٹ کے سوا کوئی دوسرا الیکشن کرانے کے موڈ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن ہوا تو کشمیری بی جے پی کو ووٹ کے ذریعے سزا دیں گے اور یہ حقیقت بی جے پی کو معلوم ہے لہذا مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کرانے کے حق میں نہیں ہے ۔ جموں میں اپوزیشن کے اجلاس کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں عمرعبداللہ نے کہا کہ اس اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ خاص طورپر جموں میں رکھی گئی ہے ۔پولیس سربراہ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں حالات ٹھیک ہونے کے بیان کے بارے میں انہوں نے کہاکہ صرف بیان بازی سے کچھ نہیں ہوگا۔