بھارتی وزیر داخلہ کے بیان پر پیروان ولایت کا اظہار برہمی
سرینگر26اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیروان ولایت جموں و کشمیر نے بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے بارے میں کسی صورت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہے۔
کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق پیر وان ولایت کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے اور امت شاہ کے اس قسم کے بیان سے زمینی حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آواز کو دبانا چاہتا ہے اور گزشتہ دو برسوں کے دوران جس طرح سے کشمیر یوں کو بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور غیر قانونی نظربندیوں کا سلسلہ جاری ہے اور جموں و کشمیر کوایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور آئے روز نہتے کشمیریوں کو موت کی گھاٹ اتار دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی کشمیر کے علاقے زینہ پورہ شوپیان میں بھارتی فورسز کی طر ف سے ایک بے گناہ کشمیری کا بلاجواز قتل اس کی واضح مثال ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر اقوام عالم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے جو پالیسی امت مسلمہ کی ہے اس میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور امت مسلمہ کو مسلمانوں نے متعلق تمام مسائل حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ پیروان ولایت کے ترجمان نے کہا ہے کہ عالمی ٹی ٹونٹی کپ میں پاک بھارت کرکٹ میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد کشمیریوں پر جو ظلم ڈھائے جارہے ہیں اور طلبا کو جس طرح کالے قوانین کے تحت گرفتار اورہراساں کیا جارہا ہے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ اس کا سنجیدہ نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔