اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت حق خود ارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو استعماری اقدامات کے ذریعے دبانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ مودی حکومت نسل کشی اور انسانی حقوق کی دیگرسنگین خلاف ورزیوں کے ذریعے کشمیریوں کی آوازدبانے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتی ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوںکو 1947سے بھارتی فورسز کی چیرہ دستیوںکا سامنا ہے لیکن انہوںنے غیر قانونی بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا ۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں تعینات بھارتی فوجیوںنے کشمیریوںکاجینا دو بھر کر دیا ہے ، قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کا قتل ، گرفتاری ، انہیں ہراساںکرنا اور انہیں تذلیل کا نشانہ بنانا روز کا معمول ہے لیکن اسکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہدکو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔
ترجمان نے اقوام متحدہ ،او سی آئی اور یورپی یونین سمیت دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین بھارتی جرائم کا نوٹس لیں۔ انہوںنے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا کہ و ہ خطے میں پائیدار امن و ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں