نیوز کلک کے بانی پربیر پرکایستھ کا ضمانت کیلئے بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع
نئی دلی : غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت گرفتاری کے خلاف نیوز کلک کے بانی پربیر پرکایستھ اوراایچ آرہیڈ امت چکر ورتی نے دلی ہائی کورٹ کی طرف سے انکی ضمانت کی درخواست مسترد کئے جانے کے بعد بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
سینئر وکیل کپل سبل نے پربیر اور امت کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ 73سالہ صحافی پربیرپر کایستھ کو بغیر کسی نوٹس کے گرفتار کیا گیا ہے اور ہائی کورٹ نے انکی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔انہوں نے اس سلسلے میں دائر اپنی درخواست کی جلدسماعت کی گزارش کی ہے۔ کپل سبل کی استدعا پر چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے معاملے پر غور کی یقین دہانی کرائی ۔ دلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو کالے قانون یو اے پی اے کے تحت پربیر اور امت کی گرفتاری اور اس کے بعد پولیس کی حراست میں دینے کے معاملے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ پربیر پرکایستھ اور امت چکرورتی کو دلی پولیس کے خصوصی سیل نے 3 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔نئی دلی کی ایک عدالت نے 10 اکتوبر کو انھیں 10 دنوں کیلئے عدالتی حراست میں دیدیاتھا۔