تمل ناڈو میں این آئی اے کے چھاپے ،5مسلمان گرفتار
چنائی:
بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ریاست تامل ناڈو میں دس مقامات پر چھاپے مارکر5مسلمانوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق این آئی نے منگل کی صبح ممنوعہ تنظیم حزب التحریر میں شمولیت کی دعوت دینے سے متعلق الزام کی تفتیش کیلئے ریاست میں دس مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ناقدین کے خیال میں اس تنظیم کا بھارت میں کوئی وجود ہی نہیں ہے ۔ این آئی اے نے یہ چھاپے تنظیم میں لوگوں کو شمولیت کی دعوت دینے اور انکی برین واشنگ کئے جانے سے متعلق چنائی سنٹرل کرائم برانچ کے ایک مقدمے کے سلسلے میں مارے ۔این آئی اے نے مقامی حکام سے مقدمے کاکنٹرول لے لیا ہے ،جس کی وجہ سے مسلمانوں میں شدید خوف پیدا ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقدمے میں دو افراد کو نامزد کیاگیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے دیگر لوگوں کو تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دی تھی۔این آئی اے تامبرم، پڈوکوٹائی، اور کنیا کماری میں کارروائیوں کے دوران چھاپے مارے اور پانچ افرادکو گرفتار کرلیا ۔ ناقدین اورمسلم کمیونٹی لیڈروں نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ این آئی اے کے چھاپے اور گرفتاریاں بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور ان میں خوف و دہشت پھیلانے کی مہم کا حصہ ہیں ۔