کل جماعتی حریت کانفرنس کی27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی اپیل
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی گئی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوںپر چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں پر زوردیاگیا ہے کہ وہ اس دن مکمل ہڑتال کریں۔پوسٹروں میں کہا گیا کہ 27اکتوبر کشمیریوں کے لیے سیاہ ترین دن ہے کیونکہ1947میں اسی دن بھارت نے کشمیریوں کی مرضی کے برعکس اورتقسیم برصغیر کے منصوبے کے برخلاف سرینگر میں اپنی فوجیں اتار کر جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر لیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی تصاویر والے پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنا ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتی ہیں۔پوسٹروں میں کہاگیاہے کہ غیر قانونی طور پر نظربند حریت قیادت حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کو ہر قیمت پر مکمل کامیابی تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔