امرناتھ یاترا کی حفاظت کے نام پرمقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کے مزید 20ہزاراہلکارتعینات
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے امرناتھ یاترا کی سکیورٹی کے نام پربھارتی فورسز کے مزید 20ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض حکام نے بھارتی فورسز کی500اضافی کمپنیوں کے علاوہ مزید20ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری دی ہے جنہیں بعد میں سرحدوں پر تعینات کیا جائے گا۔بھارتی وزارت داخلہ نے پہلے ہی پیراملٹری فورسز کی500اضافی کمپنیاں تعینات کرنے کا اعلان کیاہے۔ تاہم بھارتی وزارت داخلہ نے 7جون کو ایک اوراعلان کیا جس میں کہاگیاہے کہ امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کے لئے مزید 20ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے تاکہ تین حصار والی سکیورٹی کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ بھارتی وزارت داخلہ کے سیکریٹری کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق بھگوتی نگر جموں سے امرناتھ غار تک یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔واضح رہے مقبوضہ جموں وکشمیر پہلے ہی دنیا کاسب سے زیادہ فوجی جمائو والے علاقہ بن چکا ہے جہاں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں۔