کشمیری کل (جمعہ) یوم سیاہ منائیں گے
سرینگر 26 اکتوبر (کے ایم ایس) کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل 27 اکتوبر( جمعہ ) کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے جسکا مقصد دنیا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی سرزمین پر انکی مرضی کے خلاف اور غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ 27 اکتوبر 1947 کا دن تھا جب بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی امنگوں کے منافی سرینگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتار کر جموںوکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا تھا۔
یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل 27 اکتوبر کومکمل ہڑتال کی بھی اپیل بھی کی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا راور کشمیر کے حوالے سے سیمینار اور دیگر پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ کل جماعتی حریت کا نفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل بھر پور احتجاج کر کے دنیا پر یہ واضح کر دیں کہ وہ بھارتی غلامی سے آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں محمد یوسف نقاش، فریدہ بہن جی، مولانا نثار احمد نثار، جاوید احمد میر، محمد اقبال میر، محمد خطیب، نور محمد، جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ اور دیگر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی ہڑتال کی کال کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں۔انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے او ر نئی دہلی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر مجبور کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
سری نگر، بارہمولہ، پلوامہ اور ر مقبوضہ کشمیر کے دیگر حصوں میں پوسٹر بھی چسپاں کیے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کریں۔پوسٹر کل جماعتی حریت کانفرنس، ریزسٹنس یوتھ فورم جموں و کشمیر، جموں و کشمیر وارثین شہدا، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں و کشمیر سٹوڈنٹس یوتھ فورم، جموں و کشمیر جسٹس اینڈ پیس انیشیٹو، نوجوانانِ حریت جموں کشمیر، جموں کشمیر اسٹوڈنٹس فورم اور دیگر تنظیموں نے چسپاں کیے ہیں۔پوسٹروں میں لکھا ہے 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے کیونکہ بھارتی سامراج نے1947میں اس روز ننگی جارحیت کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی سرزمین پر کشمیریوں کی خواہشات کے منافی قبضہ کیا۔ پوسٹر سماجی رابطوں کی سائٹوں” ایکس، فیس بک اور واٹس ایپ “وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔