قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیریوں کو جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ اداکرنے سے روکنے کی مذمت
سرینگر 29 اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کو نماز جمعہ اداکرنے کی اجازت نہ دینے پر بھارتی قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ نے ایک بار پھر لوگوں کو جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی۔علاقے میں صبح سویرے ہی بھارتی فورسز کی بھارتی تعداد کو تعینات کردیاگیا تھا اور جب اوقاف کے ملازمین نے صبح مسجد کے دروازے کھولے تو بھارتی فورسز نے انہیں بتایا کہ آج مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انجمن اوقاف نے کہا کہ قابض حکام کی جانب سے مرکزی جامع مسجد کو بار بار دانستہ طورپر نماز جمعہ کے لیے بند کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔بیان کے مطابق وادی کے مسلمان اس ناانصافی اور اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی میں قابض انتظامیہ کی بے جا مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انجمن اوقاف نے 5اگست 2019کے بعد سے انجمن کے صدر میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی بھی شدید مذمت کی جب مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت منسوخ کرکے اس کا فوجی محاصرہ کر لیاتھا۔