”این آئی اے “نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے دو ارکان گرفتار کر لیے
نئی دہلی:بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) نے معروف مسلم نمائندہ تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے دو ارکان کو راجستھان میں ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق این آئی اے کے ایک افسر نے بتایا کہ واجد علی اور مبارک علی کو راجستھان کے شہر کوٹہ سے گرفتار کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ واجد علی اور مبارک علی دیگر تین نوجوانوں محمد آصف، صادق صراف اور محمد سہیل کے ساتھ ملکر نوجوان کے لیے تربیت کا اہتمام کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آصف، صراف اور سہیل کے خلاف پی ایف آئی کے ارکان کے لیے جے پور اور کوٹا میں تربیتی کیمپ منعقد کرنے پر پہلے ہیں فرد جرم دائر کی جاچکی ہے۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے گزشتہ برس ستمبر میں پی ایف آئی اور اس سے وابستہ دیگر آٹھ تنظیموں پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“کے تحت پانچ برس کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔ تنظیم کے سینکڑوں رہنما اور کارکن قید کر لیے گئے ہیں۔