غزہ کی موجودہ حالت میدان کربلا سے کم نہیں ، آغا سید حسن
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صد آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نہتے فلسطینوں کے خلاف غاصب اسرائیل کی سفاکانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کیطرف سے غزہ کے مظلوم شہریوں پر وحشیانہ بمباری کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے جس دوران 11 ہزار کے لگ بھگ شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں نصف کے قریب معصوم بچے اور خواتین شامل ہیں جب کہ 30 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ غزہ کی موجودہ حالت میدان کربلا سے کم نہیں ہے لیکن مغربی میڈیا پوری طرح جانبدارانہ کردار ادا کر رہا ہے اور وہ غزہ کے زمینی حقائق بیان نہیں کر رہا ہے۔
آغا سید حسن نے کہا کہ عالمی میڈیا کو چاہیے کہ غزہ کے زمینی حقائق سے لوگوں کو آگاہ کرے تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ دہشتگرد کون ہے۔ انہوںنے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی طرف سے نہتے لوگوں کے قتل کو تہذیب کی جنگ قرار دینا انتہائی شرمناک ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں نسل کشی کا بازار گرم کر رکھا ہے، غزہ میں کچھ بھی محفوظ نہیں ہے ،نہ گھر ، نہ ہسپتال اور نہ ہی تعلیمی ادارے۔اس موقع پر اسرائیل کے خلاف نعرے بلند کیے گئے اور فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔