مالدیپ کے صدر کا پہلے سرکاری دورے کے لیے بھارت کے بجائے ترکی کا انتخاب
مالے: مالدیپ کے نئے صدر محمد معیزو نے ماضی کی روایت کو توڑتے ہوئے اپنے پہلے سرکاری دورے کے لئے ہمسایہ ملک بھارت کے بجائے ترکی کا انتخاب کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمدمعززو صدر کے طور پر حلف اٹھانے سے پہلے بھی دورے کر تے رہے جن کا بنیادی مقصد بھارت پر انحصار کم کرنے کے لیے فنڈنگ کے متبادل ذرائع تلاش کرنا تھا۔انہوں نے رواں ماہ کے شروع میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور ابو ظہبی فنڈ سے مالے ہوائی اڈے کے منصوبے کے لیے 80ملین ڈالر کی یقین دہانی حاصل کی۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے فنڈنگ کی یقین دہانی کا مطلب ہے کہ مالدیپ کو اب قرض کے لیے نئی دہلی سے بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ترکی کے دورے کے بعدمعزو 30نومبر کو اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (COP 28)میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔محمد معیزو مالدیپ کے صدارتی انتخابات میں بھارت نواز امیدوار کو شکست دینے کے بعد اقتدار میں آئے ہیں۔نیپال کے وزیر اعظم پراچندا نے بھی جب پہلی بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا تو انہوں نے بھارت کے بجائے اپنا پہلا دورہ چین کا کیاتھا۔