بی جے پی الیکشن جیتنے کے لیے گودھرا جیسا واقعہ دہرا سکتی ہے:ادھو ٹھاکرے
جلگائوں11ستمبر(کے ایم ایس)بھارت میں شیو سینا (یو بی ٹی)کے صدر ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ بی جے پی نے ملک کا نام بدل کر بھارت کر دیا ہے ہم نام بدلنے کے اس کھیل میں ملوث نہیں ہوں گے ہم اگلے انتخابات میں حکمران جماعت اور مودی کو بدلیں گے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ممبئی میں قومی اپوزیشن جماعتوں کے حالیہ اجلاس کی کامیابی سے مرکز میں برسراقتدار اتحاد ہل گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پندرہ دن سے وہ ”انڈیا بلاک” سے اس قدر پریشان ہیں کہ انہوں نے ملک کا نام بدل کر بھارت رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی 2024کے انتخابات میں دوبارہ اقتدار میں نہیں آئے گی۔ٹھاکرے نے خبردار کیاکہ اب باتیں ہو رہی ہیں کہ ایودھیا میں رام مندر کے ارد گرد گودھرا جیساواقعہ دہرایا جا سکتا ہے۔منی پور میں جاری بحران کا حوالہ دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین کی سرعام بے حرمتی کی گئی لیکن مرکز ی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ٹھاکرے نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ غداروں، بدعنوان عناصر اور ان لوگوں کی حکومت کو باہر پھینک دیں جو جھوٹے وعدے کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ دوبارہ اقتدار میں نہ آئیں۔